مسئلہ کشمیر کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار

10:54 AM, 20 May, 2025

نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے یہ بات عرب گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سمیت دیگر جارحانہ اقدامات نہ صرف اشتعال انگیز ہیں بلکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کی صورت میں پاکستان کا ردعمل اپنے دفاع کے حق میں ایک متوازن اقدام تھا، جو بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق ہے۔

پاکستانی مندوب نے عرب ممالک کے سفیروں کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کی کوئی صورت ممکن نہیں۔

مزیدخبریں