اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس دینے والے افراد اور کاروبار کو سہولیات دی جائیں گی، لیکن ٹیکس چوری کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایف بی آر امور اور اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام کی شفافیت، ڈیجیٹائزیشن اور مؤثر نگرانی کے ذریعے محصولات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سیلز ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے "نیشنل ٹارگٹنگ سسٹم" متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے تحت اشیاء کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی۔ "ای بلٹی" نظام، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، اور مصنوعی ذہانت پر مبنی کسٹم ٹارگٹنگ نظام کے نفاذ سے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کی جا سکے گی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام اصلاحات کو جلد، مؤثر اور پائیدار انداز میں نافذ کرنے کی ہدایت کی۔