حکومت کا ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ

05:53 PM, 20 May, 2025

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے باوجود ان کی عسکری خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر چیف مارشل کی قیادت میں آپریشن "بنیان مرصوص" کے دوران پاکستان نے اپنی فضائی برتری کا بھرپور مظاہرہ کیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ اس معرکے میں ملک کی فضائی سرحدوں کا مؤثر دفاع کیا گیا اور قومی سلامتی کو یقینی بنایا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو "معرکۂ حق" کے دوران دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک مشکل اور تاریخی مرحلے میں بھرپور قومی اتحاد اور عسکری قوت کا مظاہرہ کیا۔

اجلاس کے دوران کابینہ نے 6 اور 7 مئی 2025 کی رات بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلاجواز حملے کی شدید مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی حملوں میں سول آبادی، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جو کہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری، سالمیت اور قومی دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں