چین کی پاکستان کو دفاعی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی، ایئر چیف سے چینی سفیر کی اہم ملاقات

11:24 PM, 20 May, 2025

راولپنڈی: چین نے پاکستان کو ہر سطح پر دفاعی اور تکنیکی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ عزم اس وقت دہرایا گیا جب چینی سفیر نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی تعاون، خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے عملی تیاری اور فوری ہم آہنگی کو ناگزیر قرار دیا۔


ملاقات کے دوران پاک چین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی سفیر نے مشرقی سرحد پر درپیش تناؤ کے دوران پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بھرپور تعریف کی اور پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چین کی مسلسل حمایت، تکنیکی معاونت اور دیرینہ دوستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:

"پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، اور ہمارا باہمی اعتماد وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔"

پاک فضائیہ کے سربراہ نے دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی، انسانی وسائل کی ترقی اور تحقیق و ترویج کے میدان میں چین کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر چینی سفیر نے بھی اعتراف کیا کہ:"پاک فضائیہ کی جانب سے چینی ٹیکنالوجی اور ساز و سامان کا مؤثر استعمال قابلِ ستائش ہے۔ پاکستان کی مقامی سطح پر خود انحصاری کی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں، جو مستقبل میں دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائیں گی۔"

مزیدخبریں