کراچی:وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان کوسٹ گارڈز کو بہترین اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل فورس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارتِ داخلہ اس فورس کی ملکی سلامتی کے لیے خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ملکی ساحلوں اور سمندری حدود کی حفاظت کے لیے کوسٹ گارڈز کا کردار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے۔ انہوں نے فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا سمندری راستوں سے غیر قانونی تارکینِ وطن کی نقل و حرکت کا راستہ روکنا پاکستان کوسٹ گارڈز کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حمل کے انسداد کے لیے آپ کا عزم اور خدمات ہمیشہ قابلِ ستائش رہی ہیں۔
وزیرِ مملکت نے پاس آؤٹ ہونے والے نئے جوانوں اور افسران کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارتِ داخلہ فورس کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی تاکہ وہ ملکی سرحدوں کا دفاع مزید مضبوطی سے کر سکیں۔
پاکستان کوسٹ گارڈز اعلیٰ کارکردگی کی حامل فورس، خدمات قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: طلال چوہدری
10:10 AM, 20 May, 2026