راولپنڈی / اسلام آباد: اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان ایک اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ نور خان ایئر بیس آمد پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے ان کا پرجوش اور پرتپاک استقبال کیا۔
ایئر بیس پر پرنس رحیم آغا خان کے استقبال کے لیے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری، عسکری اور سفارتی حکام بھی موجود تھے۔ معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے گئے اور روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پرنس رحیم آغا خان اپنے اس دورے کے دوران صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں آغا خان ڈولپمنٹ نیٹ ورک کے تحت پاکستان میں جاری صحت، تعلیم اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔