ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیانات، امریکی ناظم الامور دفتر خارجہ طلب

ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیانات، امریکی ناظم الامور دفتر خارجہ طلب
کیپشن: پاکستان کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ پاکستان مخالف بیان پر دفتر خارجہ نے امریکی ناظم الامور کو طلب کر کے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی ناظم الامور پال جونز کے حوالے کیا۔ترجمان کے مطابق مراسلے میں پاکستان کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی صدر کی حالیہ ٹویٹس پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ القاعدہ کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اور ان تمام اقدامات کے باوجود اس قسم کے بیانات ناقابل قبول ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ تھا 'پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا'۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے جبکہ ہم پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پریز تھا۔ پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا'۔

امریکی صدر نے بعدازاں گذشتہ روز ٹوئٹر پر بھی اسی قسم کے بیانات داغے جس پر پاکستانی قیادت کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کا 'ریکارڈ درست' کرتے ہوئے کہا کہ 'نائن الیون حملوں میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے غلط دعوے دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں پاکستان کو جانی و مالی نقصان کی صورت میں لگنے والے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے'۔

عمران خان نے مزید کہا کہ 'امریکی صدر کو تاریخی حقائق سے آگاہی کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے امریکی جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے لیکن اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے اور ہمارے لوگوں کے مفاد میں بہتر ہو گا'۔