کورونا نے زور پکڑ لیا، پاکستان کی صورتحال تشویشناک، مزید 36 افراد جاں بحق

08:39 AM, 20 Nov, 2020

لاہور: کورونا وائرس کی دوسری لہر نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 36 افراد موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔ حالیہ رپورٹس نے ملک کو درپیش خطرے کی نشاندہی کر دی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2738 شہریوں میں اس موذی مرض کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے۔ اس وقت پاکستان میں 368665 کنفرم اور 33562 ایکٹو کیسز ہیں۔ حالیہ اموات کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1561 تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر 5806، صوبہ بلوچستان 16642، گلگت بلتستان 4494، اسلام آباد 25719، خیبر پختونخوا 43359، صوبہ پنجاب 112893 اور صوبہ سندھ میں 159752 کنفرم کیسز موجود ہیں۔

پورے ملک میں ایکٹو کیسز کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 12656، صوبہ پنجاب میں 12192، خیبر پختونخوا میں 2393، اسلام آباد میں 4231، گلگت بلتستان میں 157، بلوچستان میں 523 اور اسلام آباد میں 1410 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس موذی مرض سے آزاد کشمیر کے 134، بلوچستان کے 158، گلگت بلتستان کے 93، اسلام آباد کے 266، خیبر پختونخوا کے 1319، صوبہ پنجاب کے 2811 اور صوبہ سندھ کے 2780 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس مرض کو شکست دینے والوں کی بات کی جائے تو آزاد کشمیر میں 4262، بلوچستان میں 15961، گلگت بلتستان میں 4244، اسلام آباد میں 21222، خیبر پختونخوا میں 39647، پنجاب میں 97890 اور سندھ میں 144316 شہری صحتیاب ہو چکے ہیں۔

حالیہ اعدادوشمار اور اموات میں روز بروز اضافے نے پاکستان میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے پاکستان میں کورونا وائرس کے مرض کے علاج کیلئے ویکسین لائی جائے گی، اس کیلئے ناصرف خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے بلکہ مختلف بین الاقوامی ادویہ ساز کمپنیوں سے بھی رابطہ شروع کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں