پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ روکنے میں میری مداخلت کامیاب رہی ، ڈونلڈ ٹرمپ

09:55 AM, 20 Nov, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے خطرات بڑھ رہے تھے، لیکن میری مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رک گئی۔ سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے جنگ شروع کی تو امریکہ ان پر 350 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا، اور اس دھمکی کے بعد پاکستان اور بھارت نے جنگ کے ارادے کو ترک کر دیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ میں نے دونوں رہنماؤں کو بتایا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ دونوں ممالک ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کریں، اور اگر ایسا کیا تو اس کے اثرات دنیا بھر میں ہوں گے، خاص طور پر امریکی ریاست لاس اینجلس تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو واضح طور پر کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو تجارت نہیں ہوگی، اور میں نہیں چاہتا کہ ایٹمی دھماکوں کے بادل امریکا تک پہنچیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں فون کر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔ اسی طرح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی انہیں کال کر کے کہا کہ وہ جنگ روکنے پر تیار ہیں اور پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں کریں گے۔

ٹرمپ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی درخواست پر وہ سوڈان کے تنازعے پر بھی کام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ سوڈان کی صورتحال بہت پیچیدہ اور بے قابو ہو رہی تھی، اور سعودی ولی عہد نے چاہا کہ وہ اس معاملے میں کوئی مضبوط قدم اٹھائیں، جس پر انہوں نے سوڈان کے حوالے سے اپنے اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزیدخبریں