پاکستان سٹاک مارکیٹ ایشیا کی بہترین مارکیٹ بن گئی، عسکری قیادت نے استحکام میں اہم کردار ادا کیا: بلومبرگ کی رپورٹ میں انکشاف

06:33 PM, 20 Nov, 2025

کراچی : امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ نے رواں سال شاندار کارکردگی دکھائی اور ایشیا کی بہترین کارکردگی کرنے والی مارکیٹوں میں شامل ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس میں 40 فیصد اضافہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور ملکی قیادت کے ویژن کا مظہر ہے۔ چھوٹے اور بڑے سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری نے مارکیٹ کی تیزی میں اہم کردار ادا کیا۔

بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی معاشی بے یقینی کا خاتمہ، حکومتی استحکام، شفافیت اور مالیاتی نظم و ضبط نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور سٹاک مارکیٹ کی مستحکمی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستانی معیشت کی ریٹنگ میں بہتری اور بہتر معاشی اصلاحات نے سرمایہ کاروں میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر میں 36 ہزار نئے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھولے گئے، اور اکتوبر میں روزانہ ٹریڈنگ کا حجم 200 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جو 2017 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

بلومبرگ نے مزید کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی تیزی ریٹیل سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کے باعث آگے بڑھ رہی ہے، اور پاکستان میں ڈیفالٹ کا خطرہ ختم ہونے کے بعد نئی حکومت آئی ایم ایف سے نیا معاہدہ بھی کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں