وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت 6 گھنٹے طویل اجلاس، پنجاب میں 120 ارب کی تاریخی بچت...ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

06:25 PM, 20 Nov, 2025

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت صوبائی محکموں کی کارکردگی کا 6 گھنٹے طویل بھرپور اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 120 ارب روپے کی خطیر بچت کا انکشاف کیا گیا۔ اجلاس میں متعدد اہم ترقیاتی اور اصلاحاتی فیصلے بھی کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں ترقی کی نئی راہیں کھولنے کے لیے تھل ایکسپریس وے پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ 20 ہزار روڈ پراجیکٹس کے ذریعے 50 ہزار سے زائد افراد کو باعزت روزگار ملے گا۔

پنجاب میں پہلی بار 100 سال تک چلنے والی خصوصی پلاسٹک سیوریج لائن بچھانے کے تاریخی منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اسی طرح 440 ماڈل ویلجز کے پہلے فیز کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں اس بات کا بھی اظہار کیا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت 1 لاکھ 15 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ صوبے کے تمام شہروں میں سال کے آخر تک واسا مراکز کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی، جبکہ ہسپتالوں، تھانوں اور سکولوں میں 4500 نئے فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔

شہری سہولیات کو مزید موثر بنانے کے لیے واسا، پی ایچ اے اور دیگر اداروں کے لیے مشترکہ ہیلپ لائن کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ 19 اضلاع کے 21 شہروں میں "اپنی زمین، اپنا گھر" اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی جلد کرانے کی ہدایت دی گئی۔

مزید برآں صوبے میں ہر نئے پٹرول پمپ اور سروس ایریا پر الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

دوسری جانب امریکی کانگریس پاکستان کاکس کے اراکین تھامس آر سوزی اور جیک برگ مین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر صوبے کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے ویژن کی تعریف کی ہے۔

مزیدخبریں