ہانگ کانگ: ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک حادثے میں ترک کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا، جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ سیکیورٹی کے دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ طیارے کا عملہ محفوظ رہا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ پیر کی صبح 3:50 بجے پیش آیا جب ترکش کارگو کا بوئنگ 747 ماڈل طیارہ رن وے 07L پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔ لینڈنگ کے دوران طیارہ اچانک بائیں جانب پھسلا اور رن وے کے قریب گشت پر موجود ایک سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرا گیا۔
حادثے میں گاڑی میں سوار دونوں اہلکار جاں بحق ہو گئے، جن میں سے ایک موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اسپتال پہنچنے کے بعد جانبر نہ ہو سکا۔ طیارہ پھسلنے کے بعد جزوی طور پر سمندر میں جا گرا، تاہم خوش قسمتی سے طیارے کے چاروں عملے کے ارکان محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق سیکیورٹی گاڑی اپنی معمول کی گشت پر تھی اور کسی بھی غیر مجاز مقام پر موجود نہیں تھی۔ حادثے کے بعد شمالی رن وے کو عارضی طور پر بند کر کے معائنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر رن ویز پر پروازوں کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری ہے۔
امارات ایئرلائنز، جس کے لیے طیارہ آپریٹ کر رہا تھا، نے بیان میں کہا ہے کہ طیارے میں نہ تو کوئی مسافر سوار تھا اور نہ ہی کوئی کارگو موجود تھا۔ ایئرلائن نے عملے کے تمام افراد کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جس میں طیارے کی فنی حالت، موسم، رن وے کی صورتحال اور پائلٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈنگ سے قبل پائلٹ کی جانب سے کسی فنی خرابی کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔