اداروں میں سنیارٹی نظر انداز ہونے سے مسائل پیدا ہوئے: جسٹس محسن اختر کیانی

12:47 PM, 20 Oct, 2025

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سنیارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے اداروں میں سنیارٹی کے اصول کی خلاف ورزی پر سخت ریمارکس دیے ہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس کیانی نے کہا کہ "سارے اداروں کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے، جہاں جہاں سنیارٹی کو نظر انداز کیا گیا، وہاں مسائل نے جنم لیا۔" انہوں نے مزید کہا، "کسی کو اپنا پسندیدہ بندہ آگے لانا ہے، تو کسی کو اپنا رشتہ دار اوپر لانا ہے۔"

جسٹس کیانی نے ریمارکس میں یہ بھی واضح کیا کہ غلطیوں کی اصلاح متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے، اور اگر محکمے اپنی کوتاہیوں کو تسلیم کرکے درست کریں تو کوئی سزا نہیں بنتی، لیکن جہاں بدنیتی ہو، وہاں جوابدہی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا، "ڈیپارٹمنٹ کا کام ہے اپنی غلطیوں کو درست کرنا، غلطی کی کوئی سزا نہیں ہوتی، بدنیتی کی سزا ہوتی ہے۔"

عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں