کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی سرکاری قیمت 4200 روپے فی من مقرر کی جائے۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں گندم کا ریٹ 4200 روپے فی من مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا صلہ مل سکے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کسان خوشحال ہوں گے تو نہ صرف ملکی زرعی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ ہمیں گندم درآمد کرنے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کسان دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ دسمبر سے قبل مزید 3 سے 4 اضلاع میں پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت اگلے دو ماہ میں صوبے میں ٹیکسی سروس بھی شروع کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال مزید 500 بسیں دیگر شہروں کے لیے منگوائی جا رہی ہیں، جبکہ حکومت کی پالیسی ہے کہ مستقبل میں بس، ٹیکسی یا موٹرسائیکل، تمام ٹرانسپورٹ سروسز الیکٹرک ہوں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے اور عوام کو سستی و جدید سفری سہولیات میسر آئیں۔