پولیس رویے سے دلبرداشتہ 24 خواجہ سراؤں کی اجتماعی خودکشی کی کوشش

انصاف نہ ملنے پر زہریلا فنائل پی لیا، حالت خطرے سے باہر، تحقیقات جاری

03:40 PM, 20 Oct, 2025

اندور: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں مبینہ پولیس رویے اور انصاف نہ ملنے پر 24 خواجہ سراؤں نے اجتماعی طور پر زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں متعدد خواجہ سرا افراد کو ایک ساتھ زہریلا فنائل پیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ خودکشی کی یہ کوشش مبینہ طور پر ایک خواجہ سرا ساتھی کے ساتھ ہونے والی  زیادتی کے بعد انصاف نہ ملنے پر کی گئی۔

متاثرہ افراد کو فوری طور پر مہاراجہ یشونت راؤ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ انچارج ڈاکٹر بسنت کمار ننگوال نے تصدیق کی کہ 25 خواجہ سرا اسپتال لائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد نے فنائل پینے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اس کی حتمی تصدیق ابھی باقی ہے۔

پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجیش داندوتیا نے بتایا کہ زہریلا مادہ کون سا تھا اور اس کے پیچھے اصل وجوہات کیا تھیں، اس کا تعین تفتیش کے بعد ہی ممکن ہو گا۔

پولیس نے مزید کہا کہ جن افراد پر  زیادتی کا الزام ہے، ان کی تلاش جاری ہے اور جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

ادھر اس واقعے کے بعد بھارت کے مختلف شہروں میں خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے احتجاج میں شدت آ گئی ہے، اور مظاہرین نے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں