گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کر دیے

یونین کونسلز کو اختیارات اور فنڈز منتقل کرنے کا عمل شروع ہوگا

04:27 PM, 20 Oct, 2025

لاہور :گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کر دیے ہیں، جو پنجاب میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور اختیارات کو عوامی سطح تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے گورنر کو بل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت ہر یونین کونسل میں 13 ارکان شامل ہوں گے، جن میں 9 براہ راست منتخب کونسلرز اور 4 مخصوص نشستیں خواتین، نوجوان، مزدور اور اقلیتوں کے لیے مختص ہوں گی۔

یونین کونسل کے چئیرمین اور نائب چئیرمین کے انتخاب داخلی انتخابات کے ذریعے ہوں گے، اور منتخب ارکان کو ایک ماہ کے اندر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ، یونین کونسل میں وارڈ سسٹم کو ختم کیا جائے گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ "اختیارات کو عوام تک منتقل کرنا پیپلزپارٹی کا بنیادی اصول ہے، اور بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اس ایکٹ کے نفاذ سے مقامی سطح پر فیصلہ سازی میں بہتری آئے گی۔"

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہو گا تاکہ عوامی نمائندے اپنے حلقوں کی خدمت کر سکیں۔

مزیدخبریں