خورشید شاہ کی نیب کوبڑی آفر

خورشید شاہ کی نیب کوبڑی آفر

اسلام آباد:قومی احتساب بیورو(نیب) کی زیر حراست پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا جتنے پیسوں کا مجھ پر الزام لگایا، نیب 15 فیصد مجھے دے اور باقی خود رکھ لے۔

نیب کی حراست میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی طبیعت خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں پولی کلینک اسپتال لے جایا گیا۔ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کو سانس اور معدے کی تکلیف برقرار ہے جب کہ انہیں بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول کرنے میں بھی دشورای کا سامنا ہے۔نیب راولپنڈی کے پاس آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خوشید شاہ کو پولی کلینک اسپتال میں ایک رات کے لیے داخل کیا گیا تھا جہاں سے انہیں اب ڈسچارج کرلیا گیا ہے۔

اس موقع پر خورشید شاہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نیب نے جتنے پیسوں کا الزام لگایا، اتنا تو پاکستان کا بجٹ نہیں ہے، نیب صرف 15 فیصد مجھے دے اور باقی خود رکھ لے۔انہوں نے کہا کہ ظاہر شدہ جائیداد سے ایک انچ بھی اضافی پراپرٹی ان کے پاس نہیں ہے، چیف جسٹس پاکستان سے نیب کی گرفتاریوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔بعد ازاں قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم پی پی رہنما کو لیکر سکھر روانہ ہوئی ہے جنہیں بذریعہ ہوائی جہاز منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خورشید شاہ کو نیب نے بنی گالا سے گرفتار کیا تھا، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے خورشید شاہ کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کر کے دو دن میں سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔