امریکہ میں ورک ویزا فیس میں ہوشربا اضافہ، ایچ ون بی ویزا اب کتنے  ڈالرز میں جاری ہوگا؟

12:29 PM, 20 Sep, 2025

واشنگٹن:امریکہ میں ملازمت کے خواہشمند غیر ملکیوں کے لیے بڑا دھچکا، امریکی حکومت نے ایچ ون بی (H-1B) ورک ویزا کی فیس میں ریکارڈ اضافہ کر دیا۔ نئی پالیسی کے تحت اب یہ ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندگان یا کمپنیوں کو ایک لاکھ ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے، جسے ان کی حکومت کی نئی امیگریشن محدود کرنے کی پالیسی  کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق بعض کیسز میں کمپنیوں پر اس سے بھی زیادہ مالی بوجھ ڈالا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خاص طور پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی ان کمپنیوں کو متاثر کرے گا جو بھارت، چین اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں ماہرین کو بھرتی کرتی ہیں۔

ایچ ون بی ویزا فیس اس سے قبل صرف چند سو ڈالر سے شروع ہوتی تھی، اور مخصوص مراحل کے ساتھ چند ہزار ڈالر تک جا سکتی تھی۔ لیکن اب مقررہ فیس میں شدید اضافے کے باعث نہ صرف غیر ملکی امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، بلکہ امریکی کمپنیاں بھی عالمی سطح پر بھرتیوں سے متعلق اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوں گی۔

تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ یہ قدم امریکا میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی کا سبب بن سکتا ہے، اور اس کا اثر **امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری** کی کارکردگی اور عالمی مسابقت پر بھی پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں