رجب بٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش، سوشل میڈیا پر دعوے گردش کرنے لگے

02:26 PM, 20 Sep, 2025

لاہور:متنازع اور معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم انہوں نے تاحال اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر والد بننے کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

سوشل میڈیا پر متعدد یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی جانب سے ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں، جن میں رجب بٹ کی اہلیہ ایمان بٹ کو ہسپتال میں بستر پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ان ویڈیوز میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

وائرل کلپس میں رجب بٹ کو برطانیہ میں بچے کی پیدائش پر جشن مناتے بھی دیکھا گیا ہے۔ ایک ویڈیو میں وہ فون پر اپنی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، جس میں وہ انہیں دادی بننے کی خوشخبری دیتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، رجب بٹ نے ایمان بٹ سے دسمبر 2024 میں شادی کی تھی، اور تقریباً ایک سال بعد ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

شادی کے بعد جوڑے کے درمیان مبینہ اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئیں، تاہم رجب بٹ نے ان خبروں کی کبھی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

یاد رہے کہ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد رجب بٹ کو مبینہ طور پر شادی کے تحفے میں شیر کا بچہ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ ان پر دیگر تنازعات اور مقدمات بھی سامنے آتے رہے۔

چند ماہ قبل ان پر توہین مذہب کا سنگین الزام بھی عائد کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے معافی مانگ لی تھی اور بیرونِ ملک منتقل ہو گئے تھے۔ پہلے اطلاع تھی کہ وہ متحدہ عرب امارات گئے ہیں، تاہم بعد میں خبریں آئیں کہ وہ برطانیہ منتقل ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے بھی رجب بٹ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

مزیدخبریں