اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت آج سے بجلی کی خریداری کے عمل سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، اب بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے صارفین کے درمیان براہِ راست خرید و فروخت کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ آئندہ حکومت کو بجلی بیچنے یا حکومت سے بجلی خریدنے کی پابندی نہیں ہوگی، بلکہ بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے آپس میں براہِ راست بجلی کی خرید و فروخت کریں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق نئے نظام کا اطلاق ابتدائی طور پر صنعتی اور بڑے بجلی صارفین پر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی خرید و فروخت کے نظام میں مزید شفافیت لانے سے صارفین کو کم قیمت پر بجلی دستیاب ہوسکے گی۔
اویس لغاری نے بتایا کہ آئندہ 5 سال کے دوران 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کی جائے گی، جبکہ پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی نیلامی کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور بجلی کی خرید و فروخت کا نیا نظام شفافیت پر مبنی ہوگا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آنے والے برسوں میں ملک میں بجلی کی ایک باقاعدہ منڈی قائم ہوگی، جہاں ایک عام صارف بھی اپنی ضرورت کے مطابق اپنی مرضی سے بجلی خرید سکے گا۔