سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

ریاض: ماہ رمضان کو اسلامی مہینوں میں خصوصی فضیلت حاصل ہے جس میں رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کے بعد عالم اسلام میں عید الفطر منانے کی خوشی بھی دیدنی ہوتی ہے تاہم عید پر  کتنی تعطیلات  ہونگی ؟ اس خبر کا  بھی  ہر کسی کو بیتابی سے انتظارہوتا ہے۔

عید الفطر  کی تعطیلات کے حوالے سے  سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب  شاہی فرمان جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق  تعلیمی اداروں میں جمعہ 22 اپریل سے تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے ۔شاہی فرمان کے ذریعے  مزید بتایا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں صرف 21 اپریل تک ہونگی، اس کے بعد تعطیلات کا آغاز ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طے کیا گیا تھا کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں عیدالفطر کی تعطیلات 26 اپریل سے شروع ہوں گی۔تاہم اب  تعلیمی اداروں میں عیدالفطر کی تعطیلات کے آغاز کی  تاریخ میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور   چھٹیاں 22 اپریل 2022ء سے شروع ہوں گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی مقامی رصد گاہ نے مملکت میں عید الفطر کی  فلکیاتی تاریخ کا اعلان پہلے ہی  کردیا تھا۔ سعودی عرب میں فلکیاتی اور ارضی طبیعیاتی مطالعہ جات کی الزعاق رصد گاہ کے سربراہ ڈاکٹر خالد الزعاق نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ماہ  رمضان رواں برس  30 روز پر مشتمل ہو گا اور سعودی عرب میں یکم شوال اور عید الفطر پیر 2 مئی کو ہوگی۔

مصنف کے بارے میں