اسلام آباد : پاکستان اور روانڈا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ اہم پیش رفت روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی۔
روانڈا کے وزیر خارجہ دفتر خارجہ پہنچے تو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، چاول اور دیگر اشیاء کی عالمی منڈیوں میں ایک مضبوط پہچان رکھتا ہے، اور روانڈا کی ابھرتی ہوئی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور روانڈا مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے اور پاکستانی قیادت سے ہونے والی بات چیت نہایت مفید رہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور روانڈا پاکستان سے تجارتی حجم میں اضافہ چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک عالمی امن مشنز میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعدازاں ایک تقریب میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ روانڈا کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جو کہ کیگالی اور اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے قیام کے بعد ممکن ہوا۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ خیال رہے کہ روانڈا کے وزیر خارجہ 21 سے 22 اپریل تک نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔