پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان چھٹا سٹریٹجک ڈائیلاگ، دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق

10:14 AM, 21 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان چھٹا وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، اقتصادی شراکت داری کو گہرا کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ اس ملاقات کو رواں سال چین کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پاکستان کا پہلا دورہ قرار دیا جا رہا ہے، جسے سفارتی حلقے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق سٹریٹجک ڈائیلاگ میں ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے، سی پیک کے دوسرے مرحلے (CPEC-II) کی تکمیل اور مستقبل کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے معاشی، تجارتی، اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق ڈائیلاگ میں موجودہ علاقائی صورتحال، خصوصاً پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں، چین کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ چینی وزیر خارجہ کے اس سے قبل بھارت کے دورے کے بعد پاکستان آنا خطے میں توازن برقرار رکھنے کی چینی سفارت کاری کی عکاسی کرتا ہے۔

دورے کے دوران دفاعی تعاون، عوامی روابط، اور عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دورہ پاک-چین تعلقات کو نئی جہت دے گا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی شراکت داری کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2024 میں دونوں وزرائے خارجہ نے بیجنگ میں پانچویں سٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی تھی۔

مزیدخبریں