اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر کے کئی علاقوں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، لاہور، وزیر آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ سمیت بالائی پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی اور لکی مروت میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادھر جنوبی بلوچستان میں ندی نالوں میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
خراب موسم اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر سندھ حکومت نے آج بھی صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔