اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ پاکستان کے ہر شہری، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس جنگ میں سامنے رہے اور دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم نے بے مثال بہادری اور قربانیوں سے بھرپور عزم دکھایا، اور 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں اس جنگ میں قربان کی گئیں۔ اس دوران ملکی معیشت کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہر شہر اور قصبہ دہشت گردی کی داستان سناتا ہے، لیکن ہم اپنے نوجوانوں کی بہادری اور ملکی سلامتی کے لیے ان کے جذبے پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے مل کر اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں، اور آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد سمیت متعدد کاروائیوں سے دہشت گردوں کو سخت نقصان پہنچایا گیا ہے۔