راولپنڈی : ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر اور ان کے منصوبہ سازوں کو ہر صورت قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف فوج پر نہیں بلکہ ریاست پاکستان پر حملہ تھا، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ آرمی چیف نے برسلز میں نہ کوئی سیاسی بات کی، نہ کسی انٹرویو میں تحریک انصاف سے مصالحت کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق تقریب میں سینکڑوں افراد موجود تھے اور صرف تصاویر کھنچوانا کسی سیاسی پیغام یا معافی کا اشارہ نہیں تھا۔ انہوں نے بعض صحافیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات پر معافی مانگنا تو بنتی ہے، لیکن محض معافی سے قانونی کارروائی نہیں رُکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف فوج کا نہیں، پوری قوم کا ہے، اور انصاف کا عمل ہر حال میں جاری رہے گا۔