"اپنی چھت، اپنا گھر" سکیم میں شاندار پیش رفت ۔۔۔ درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر گئی

03:49 PM, 21 Aug, 2025

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے کم آمدن خاندانوں کو اپنا ذاتی گھر فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی "اپنی چھت، اپنا گھر" اسکیم میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسکیم کے تحت اب تک درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سرکاری اداروں میں کم آمدن ملازمین کی سہولت کے لیے ایک مربوط آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعے مختلف محکموں میں کام کرنے والے مستحق ملازمین کو اسکیم سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے گا۔

یہ فیصلے وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب، بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس میں  ہوئے۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے بتایا کہ اب تک 79 ارب 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم مستحق خاندانوں میں قرضوں کی صورت میں تقسیم کی جا چکی ہے، جبکہ اقساط کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کی ریکوری بھی سرکاری خزانے میں جمع ہو چکی ہے۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ سکیم کو مزید مؤثر بنانے اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

مزیدخبریں