پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، تحقیق کو ملکی ترقی سے جوڑنا ہوگا: چیئرمین ایچ ای سی

08:32 PM, 21 Aug, 2026

لاہور: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور ملک میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کو سماجی اور معاشی ترقی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 ایپ سپ ایکسیلینس ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ تحقیق کا رخ اپلائیڈ ریسرچ کی طرف موڑا جا رہا ہے تاکہ اس کے ثمرات براہ راست ملکی ترقی میں استعمال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تحقیق پر مزید توجہ دینے کے ساتھ طلبہ کو پڑھائی اور علم کی طرف راغب کرنا ہوگا۔
چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ انہوں نے کراچی سے گلگت تک سفر کے دوران نوجوانوں میں بے پناہ پوٹینشل دیکھا ہے۔ پاکستان میں میڈیکل اور انجینئرنگ کے متعدد اچھے ادارے موجود ہیں جبکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ادارے اور اساتذہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان عالمی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں جبکہ پاکستانی طلبہ بڑی تعداد میں سکالرشپس حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی تعلیمی نظام یورپ میں مسلسل پانچویں سال بھی دنیا میں سرفہرست رہا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے بتایا کہ یونیورسٹیوں کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم دوبارہ شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس کے ذریعے او اور اے لیول کے طلبہ کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس اسکیم سے مستفید ہونے والے ایک طالب علم نے بائیولوجی میں عالمی سطح پر گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی نمبر ون یونیورسٹی نے پاکستانی ڈگریوں کو تسلیم کیا ہے جبکہ ایم آئی ٹی میں اس وقت پاکستان کے تین طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ رواں سال پاکستان سے 1450 ڈاکٹرز امریکہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو ملک کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ پرانے اداروں کے ساتھ نئے تعلیمی ادارے بھی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ وائس چانسلرز اور ریکٹرز کی خدمات کو سراہنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال ڈوئل اور جوائنٹ ڈگری پروگرام شروع کیے گئے ہیں جبکہ لبرل آرٹس پالیسی بھی مختلف اداروں میں کام کر رہی ہے۔ عالمی سکالرز کے ساتھ اشتراک کے لیے پورٹل بھی بنایا گیا ہے تاکہ پاکستانی جامعات اور عالمی ماہرین کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی صلاحیتوں کو تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں