فیصل آباد میئر شپ: رانا ثناءاللہ اور چودھری شیر علی گروپ آمنے سامنے ، پی ٹی آئی امیدوار بیٹھ گیا

11:35 AM, 21 Dec, 2016

نیوویب ڈیسک

فیصل آباد  میں میئر کی کرسی کیلئے حکمران لیگ کے دودھڑوں میں گھمسان کی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ رانا ثناءاللہ اور چودھری شیر علی گروپ آمنے سامنے آگئے۔ پی ٹی آئی نے رانا ثناءاللہ گروپ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔فیصل آباد میں میئر کی کرسی کیلئے گھمسان کا رن ۔  چودھری شیر علی اور رانا ثناءاللہ گروپ آمنے سامنے ،فریقین کی جانب سے شہر کی قسمت بدلنے کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ 

چودھری شیر علی گروپ اپنے امیدوار کو کامیاب کرانے کیلئے کوشاں،وزیرمملکت عابد شیر علی بھی کونسلروں کو رام کرنے میں پیش پیش ہیں۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے بھی مختلف برادریوں سے جوڑ توڑ شروع کردیا ہے جبکہ اہم ترین سیاسی مخالف تحریک انصاف کو بھی رام کر لیا ہے۔مسلم لیگ ن کو کرپٹ قرار دینے والی تحریک انصاف کے ضلعی صدر ممتاز چیمہ  نے رات گئے رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی جس کے بعد میئر شپ کے انتخابات میں مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ 

مزیدخبریں