فلسطین کوخودمختار ریاست نہیں مانتے، امریکا

فلسطین کوخودمختار ریاست نہیں مانتے، امریکا
کیپشن: کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جس میں اسرائیل کو غیرمنصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہو، امریکا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا نے اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کوخودمختارریاست نہیں سمجھتے اورنہ ہی فلسطین بطور ایک ریاست عالمی اداروں کا رکن بننے کا اہل ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا عالمی فوجداری عدالت کے اس اقدام کی شدید مخالفت کرتا ہے بلکہ ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جس میں اسرائیل کو غیرمنصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہو۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم فلسطین کو خودمختار ریاست نہیں سمجھتے ہیں اور نہ ہی فلسطین بطور ایک ریاست عالمی اداروں کا رکن بننے کا اہل ہے۔

دوسری جانب فلسطین نے عالمی فوجداری عدالت کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جرائم کی تحقیقات بہت عرصہ پہلے شروع کرنی چاہیے تھیں جب کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہونے اس اقدام کو ’سچ اور انصاف کے لیے سیاہ دن‘  قراردیا تھا۔

واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی مکمل تحقیقات شروع کرنے کا کہا تھا۔