بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں برفباری اور بارش کا آغاز، سردی کی شدت میں اضافہ

09:57 AM, 21 Dec, 2025

پشاور/ کوئٹہ : پاکستان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں موسم نے کروٹ لے لی ہے، جہاں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا آغاز ہوا ہے، جس سے صوبے بھر میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔ چمن، پنجگور، قلات، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور سرد ہوائیں چلنے لگیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شمالی زیارت اور اس کے اطراف میں مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری طرف، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم کا رنگ بدل گیا ہے۔ وادی سوات کے سیاحتی مقامات جیسے مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برفباری جاری ہے، جس سے میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ برفباری کے مناظر دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد وادی سوات پہنچ رہی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ ہری پور اور اس کے گردونواح میں بارش کے بعد کسانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں کیونکہ بارش کو فصلوں کے لیے فائدہ مند قرار دیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ موسم کی شدت سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں