کراچی میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ، بین الاقوامی پروازیں دیگر ایئرپورٹس کی جانب منتقل

11:15 AM, 21 Dec, 2025

کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ بہت کم ہوگئی، جس کے نتیجے میں کئی بین الاقوامی پروازوں کو دیگر ایئرپورٹس کی جانب منتقل کر دیا گیا۔

سرجانی ٹاؤن، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، ڈیفنس اور دیگر علاقوں میں دھند کا اثر دیکھا گیا، جس کے سبب ایم نائن موٹروے پر حد نگاہ صفر ہو گئی۔ شہر کے مختلف حصے دھند کی لپیٹ میں رہے، جبکہ ناردرن بائی پاس، یونیورسٹی روڈ اور کریم آباد سمیت شہر بھر میں بھی دھند کا سامنا رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم ابرآلود رہے گا اور رات میں خنکی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

دھند کے باعث چھ بین الاقوامی پروازوں کو کراچی کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کر دیا گیا۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان کے مطابق، دھند کی شدت کی وجہ سے پروازیں کراچی کے بجائے مسقط منتقل کر دی گئیں، جبکہ جدہ سے کراچی آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز اسلام آباد روانہ ہوئی۔ پی اے اے کے ترجمان نے بتایا کہ محدود حد نگاہ کے پیش نظر پروازوں کی منتقلی معمول کا حفاظتی اقدام ہے۔

مزیدخبریں