پاک بحریہ کےدوسرےملجم کلاس جہازپی این ایس خیبر کی ترکیہ میں کمیشننگ تقریب

12:44 PM, 21 Dec, 2025

استنبول : ترکیہ کے استنبول نیول شپ یارڈ میں پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

پاکستان کے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس اہم موقع پر تقریب میں شریک ہوئے۔ ترک صدر ایردوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ترکیہ کا سچا اور وفادار اتحادی ہے، اور دونوں ممالک کی دوستی قیامت تک برقرار رہے گی۔ صدر ایردوان نے دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے استنبول نیول شپ یارڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات مستحکم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تقریب کے بعد ترک صدر نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا اور اس کے عملے سے ملاقات کی۔ ترک صدر کو جہاز پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی۔

مزیدخبریں