پی ٹی آئی والوں کی سیاست ایک فرد کیلئے ہے،خواجہ آصف

11:44 AM, 21 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقید کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اڈیالہ جیل سے آرمی چیف کو خط لکھ کر ترلے کر رہے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، اور اس دوران ان کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت نے کبھی کہا تھا کہ آرمی چیف قوم کا باپ ہوتا ہے، لیکن اب سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے لوگ آرمی چیف کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی تھی کہ فیض حمید کو آرمی چیف بنایا جائے اور فوج کو پارٹی کا ذیلی ادارہ بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 26 نومبر کو تشویش ناک واقعات پیدا کیے، شہداء کی یادگاروں پر حملے کیے، اور ایسی سیاست کی جس کا کسی دوسری سیاسی جماعت نے کبھی تصور نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی اب آرمی چیف کو بار بار خط لکھ کر مدد کی درخواست کر رہی ہے، لیکن دوسری طرف وہ سوشل میڈیا پر غلط زبان استعمال کر رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سنبھل رہی ہے اور سیاسی حالات بھی بہتر ہو رہے ہیں، جس سے پی ٹی آئی کو تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست ایک فرد کے گرد گھوم رہی ہے اور عدلیہ کی آزادی بھی ان کے لیے مشکلات کا باعث ہے۔ وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بیرون ممالک میں لابیز پر پیسے خرچ کر رہی ہے، لیکن یہ وقت گزر جائے گا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی اور پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گی۔

مزیدخبریں