واشنگٹن:امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد وائٹ ہاؤس اور عدلیہ کے درمیان شدید محاذ آرائی شروع ہو گئی ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے عدالتی فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "لاقانونیت" پر مبنی قرار دے دیا ہے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ صاف اور سادہ الفاظ میں قانون شکنی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس فیصلے کے بعد صدر کے لیے امریکی صنعتوں کو تحفظ فراہم کرنا اور سپلائی چین کی بحالی کو یقینی بنانا مزید مشکل ہو جائے گا۔صدر ٹرمپ امریکی ورکرز کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہمارے پاس ٹیرف عائد کرنے کے دیگر کئی قانونی اختیارات موجود ہیں جنہیں انتظامیہ کی تجارتی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے بھی عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت اپنے معاشی ایجنڈے پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عدالت نے موجودہ اقدامات کو روکا ہے، تاہم اب ٹیرف کے نفاذ کے لیے دیگر قوانین اور متبادل راستوں کا سہارا لیا جائے گا۔
امریکی سپریم کورٹ کا ٹیرف کے خلاف فیصلہ ’لاقانونیت‘ ہے، نائب صدر جے ڈی وینس کا شدید ردعمل
09:24 AM, 21 Feb, 2026