کراچی والوں کے لیے بڑی خوشخبری: شہر میں مزید نئی بسیں چلانے کا فیصلہ، ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام تیز کرنے کی ہدایت

12:43 PM, 21 Feb, 2026

کراچی : سندھ حکومت نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر میں مزید نئی بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہم اجلاس میں عوامی سہولت اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے دور رس فیصلے کیے گئے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ نئی بسوں کی شمولیت سے شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور سفر آسان ہوگا۔ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام کی رفتار کو مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہوں نے تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کا حکم دیا تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔
 شرجیل میمن نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے انہوں نے متعلقہ حکام کو متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا تاکہ ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا اولین مقصد کراچی کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا منظر نامہ مکمل طور پر بدل جائے گا۔

مزیدخبریں