بنوں : بنوں میں فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بزدلانہ خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 خوارج دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی پراکسی 'فتنہ الخوارج' نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرانے کی کوشش کی۔ قافلے کے اگلے دستے نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خودکش بمبار کو بنوں شہر میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا، جس سے شہر ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔ اس دوران ہونے والے شدید مقابلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا ہے کہ خوارج ماہِ رمضان میں بھی افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف تخریب کاری کے لیے استعمال کر رہے ہیں، اور افغان طالبان حکومت ان دہشت گردوں کو روکنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا امتیاز آپریشنز جاری رہیں گے۔
بنوں میں فتنہ الخوارج کا خودکش وار ناکام: لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ وطن پر قربان،5 دہشت گرد ہلاک
02:53 PM, 21 Feb, 2026