کلاؤڈ فلیئر کی تکنیکی خرابی، دنیا بھر کی ویب سائٹس متاثر

07:05 PM, 21 Feb, 2026

واشنگٹن: دنیا کی معروف انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی کلاؤڈ فلیئر کو حالیہ دنوں میں بڑے پیمانے پر تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر درجنوں اہم ویب سائٹس عارضی طور پر مفلوج ہوگئیں۔

سروس میں اچانک تعطل کے باعث خصوصاً برطانیہ میں لاکھوں صارفین متاثر ہوئے، جبکہ امریکہ اور دیگر ممالک میں بھی انٹرنیٹ سروسز میں خلل کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

کلاؤڈ فلیئر دنیا بھر کی لاکھوں ویب سائٹس کو سیکیورٹی، کارکردگی اور ڈیٹا روٹنگ کی سہولیات فراہم کرتا ہے، اور کمپنی کے عالمی نیٹ ورک میں خرابی سے متعدد بڑی آن لائن سروسز براہِ راست متاثر ہوئیں جن میں Microsoft، Outlook، اور Uber جیسے نمایاں پلیٹ فارمز شامل ہیں۔

صارفین کی بڑی تعداد نے ویب سائٹس تک رسائی میں ناکامی، ایرر میسجز، اور ای میل سروس کی بندش سے متعلق شکایات درج کروائیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ کلاؤڈ فلیئر عالمی سطح پر ویب ٹریفک کے بڑے حصے کو ہینڈل کرتا ہے، اس لیے معمولی تکنیکی خرابی بھی وسیع پیمانے پر ڈیجیٹل نظام کو متاثر کر سکتی ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے کمپنی کی جانب سے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں