پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹ میں چار سال بعد واپسی کی تیاری، پانڈا بانڈ بھی جاری ہوگا

02:37 PM, 21 Jan, 2026

اسلام آباد: پاکستان نے چار سال کے وقفے کے بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران بتایا کہ حکومت آئندہ چند ہفتوں میں بانڈ اجرا کے لیے عالمی مشیروں کے تقرر کا عمل شروع کرے گی۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت مختلف آپشنز جیسے ڈالر بانڈ، یورو بانڈ اور سکوک پر غور کر رہی ہے اور پہلی بار چینی کرنسی میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ عالمی سرمایہ کاروں اور خاص طور پر چینی مارکیٹ تک براہِ راست رسائی حاصل ہو سکے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں افراطِ زر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے اور عالمی ریٹنگ ایجنسیوں موڈیز، ایس اینڈ پی اور فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔ زرِ مبادلہ کے ذخائر رواں مالی سال کے اختتام تک درآمدات کے تین ماہ کے برابر ہونے کی توقع ہے۔ حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی اپنانا چاہتی ہے تاکہ ادائیگیوں کے توازن کے مسائل دوبارہ پیدا نہ ہوں۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی اور پانڈا بانڈ کا اجرا سرمایہ کاری میں اضافہ اور مالی استحکام فراہم کرے گا، جبکہ اصلاحات کے مثبت اثرات افراطِ زر میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی صورت میں واضح ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں