غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری، ایک دن میں مزید 120 فلسطینی شہید

03:47 PM, 21 Jul, 2025

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، صیہونی افواج نے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہداء میں 92 افراد وہ تھے جو غذائی امداد کے انتظار میں کھڑے تھے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ  جنگ کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 58 ہزار 895 ہو چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 40 ہزار 980 سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے خان یونس میں اسرائیلی فوجی کانوائے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے اور کئی ٹینک تباہ ہو گئے۔

اس دوران دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی اور امریکی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف بربریت میں امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔

مزیدخبریں