ممبئی : سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک آفس ملازم کا انوکھا استعفیٰ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جو اپنی سچائی اور سادگی کی وجہ سے تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
یہ مختصر استعفیٰ ممبئی کی ایک کمپنی "ہنگلش" کے بانی اور سی ای او شُبھم گنے نے لنکڈ اِن پر شیئر کیا۔ شُبھم کے مطابق، ایک ملازم دَیتوا شاہ نے استعفیٰ دیتے ہوئے ای میل میں بس اتنا لکھا: "ہائے سر، میں بک گیا۔ سامنے والی کمپنی چار پیسے زیادہ دے رہی ہے۔"
شُبھم گنے نے اس ایماندار اور بے ساختہ انداز کو سراہتے ہوئے اسے "سب سے سیدھا سچا استعفیٰ" قرار دیا اور مزاحیہ انداز میں پوسٹ کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی بھرپور دلچسپی لی اور دلچسپ تبصرے کیے۔ کسی نے لکھا: "کم از کم سچ تو بولا، گھما پھرا کر بات نہیں کی"، جبکہ ایک صارف نے مذاق میں منیجر کی طرف سے فرضی جواب دیا: "ٹھیک ہے، اُدھر کوئی ویکنسی ہو تو بتانا!"
یہ استعفیٰ نہ صرف ہنسی کا باعث بنا بلکہ ملازمت کی دنیا میں حقیقت پسندی اور صاف گوئی کی ایک دلچسپ مثال بھی بن گیا۔