اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بے رحمانہ کریک ڈاؤن اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ادارے کی تنظیم نو اور جدید خطوط پر اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو فوری طور پر جدید ٹیکنالوجی، مطلوبہ ہتھیاروں کی فراہمی کی منظوری دی اور قوانین و قواعد میں ضروری ترامیم کا عمل جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ: "ایف آئی اے کو حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا، کارکردگی کی بنیاد پر ہی مزید مراعات دی جائیں گی۔"
انہوں نے ایئرپورٹس پر امیگریشن عمل کو سہل اور مؤثر بنانے، فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز کے قیام، اور سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے فوری بھرتیوں کی بھی ہدایت جاری کی۔ علاوہ ازیں، ایف آئی اے اکیڈمی کو نئی الاٹ شدہ زمین پر منتقل کرنے اور کراچی زونل آفس کی جلد بحالی کا بھی حکم دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہیڈکوارٹر کی مرمت و بحالی کیلئے ماسٹر پلان بھی طلب کر لیا۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے راجہ رفعت مختار نے محسن نقوی کو ادارے میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور ایف آئی اے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔