اسلام آباد میں طبی آلات کی لائسنسنگ کا ڈیجیٹل نظام متعارف، رجسٹریشن کا عمل 20 روز میں مکمل ہوگا: وزیراعظم

05:30 PM, 21 Jul, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ نظام وزارت صحت میں ڈیجیٹل اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب طبی آلات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا سارا عمل آن لائن ہوگا، جسے صرف 20 دن کے اندر مکمل کیا جائے گا، جس سے شفافیت اور رفتار دونوں میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نے وزارت صحت اور وزیر صحت کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے نظام میں بہتری لانے کے لیے ان کی محنت قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈریپ کے نئے سی ای او کو مکمل میرٹ پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ادارے میں موجود باصلاحیت افراد کو بھی ماضی کے برعکس اب نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر یہ بھی انکشاف کیا کہ وزیر صحت نے ایک دوست ملک کے ہسپتال منصوبے کی بندش کا نوٹس لیا تھا، اور اب اس منصوبے کو فعال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سینیٹر مصطفیٰ کمال کی شعبہ صحت میں کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ملک کی ترقی اور تقدیر بدلنے کے لیے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں