اسلام آباد: سٹارچارج انرجی پاکستان اور باہم گلوبل کے درمیان کلین انرجی اور الیکٹرک وہیکل (ای وی) انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں کلین انرجی اور الیکٹرک وہیکل کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے باعث ملک تیزی سے قابل تجدید توانائی اور الیکٹرک موبلٹی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پائیدار صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سٹارچارج انرجی پاکستان اور باہم گلوبل کے درمیان ہونے والی شراکت داری الیکٹرک وہیکل اور کلین انرجی کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق ای وی انفراسٹرکچر کی توسیع سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی معیشت کو تقویت ملے گی۔
ہارون اختر خان نے سٹارچارج انرجی پاکستان کے ڈائریکٹر عمر ملک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری اور جدید ای وی چارجنگ ٹیکنالوجی کو پاکستان لانے میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے کلین انرجی اور پائیدار ترقی کے منصوبوں کو مزید فروغ دے گی۔