پیٹرولیم مصنوعات ایک بار پھر مہنگی، نئی قیمتیں جاری

10:45 PM, 21 Jul, 2026

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں نئی قیمتوں پر فروخت ہوں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت میں بھی اضافہ نافذ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے حکومت کے مجوزہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 12 بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان علی بٹ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وزارتِ پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جس کے باعث احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حکومتی منصوبہ ناقابل قبول ہے اور ایسوسی ایشن اسے مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

نعمان علی بٹ کے مطابق مذاکرات کی ناکامی کے بعد ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھے جائیں گے، جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

مزیدخبریں