وزیراعظم کا آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

وزیراعظم کا آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے اور جلد معاشی بحران پر قابو پا لیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیںبلکہ یہ اضافہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پہلا بجٹ ہے جب امیروں پر ٹیکس اور غریبوں کو ریلیف دیا گیا، آئی ایم ایف سے مذاکرات کا اگلا دور آج اور کل رات کو ہو گا اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیش رفت ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے اور جلد معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔ گزشتہ حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہمیں بڑا معاشی چیلنج ملا، گزشتہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کرکے آنے والی حکومت کیلئے جال بچھایا، دنیا میں معاشی صورت حال گمبھیر ہے اور قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔
 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری میں کرنا پڑا مگر اس کیساتھ ہی حکومت نے 7 کروڑ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے فیصلہ کیا ہے اور انہیں ماہانہ 2 ہزار روپے دئے جا رہے ہیں، امید ہے ٹیکس ادائیگی میں امیر طبقہ اس مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دے گا جبکہ مشکل فیصلے مزید بھی کرنے پڑے تو کریں گے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے ساڑھے 3 سال عوام کی فلاح کیلئے کچھ نہ کیا بلکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی، مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم سب مل کر محنت کریں گے اور پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سیاسی بنیادوں پر تقرر و تبادلوں کی مخالفت کی اور کہا کہ ہم کچھ عرصے کیلئے آئے ہیں ہمیں کام کرنا چاہیے،ہمیں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی جس کے باعث مقامی قرضوں کا بوجھ بھی کم ہو گا جبکہ اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا معاملہ بھی زیرغور آیا اور وزیراعظم نے آرمی چیف، وزارت خارجہ اور ایف اے ٹی ایف سیل کو مبارکباد پیش کی۔ 

مصنف کے بارے میں