لاہور:پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی گفتگو میں عوام کے لیے کوئی بات نہیں تھی اور بے بنیاد الزام تراشی پی ٹی آئی کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے۔ ان کے ارکان شدید دباؤ میں ہیں اور اسمبلی میں عوامی مہم چلانے کے بجائے علیمہ خان کو صفائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔ 9 مئی کی ویڈیوز موجود ہیں مگر ثبوت مانگے جانے پر ان کے پاس پیش کرنے کو کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے طنز کیا کہ ہمارے کچھ اپنے بھی ایوان میں ہیں جنہیں جنوبی پنجاب کا صوبہ لینا ہے، لیکن محرومیاں کراچی اور پشاور میں بھی بہت ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے 100 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں 1100 الیکٹرک بسیں لائی جا رہی ہیں اور اس منصوبے کا آغاز سب سے پہلے جنوبی پنجاب سے کیا گیا جہاں 125 بسیں دی جا چکی ہیں۔ آنے والے دنوں میں ہر تحصیل میں الیکٹرک بسیں چلیں گی۔ اس کے علاوہ، جنوبی پنجاب کے طلبہ کے لیے 33 ہزار وظائف اور وہاں 13 ارب روپے کی لاگت سے 'اسکول میل پروگرام' شروع کیا گیا ہے۔ حکومت نے فری ٹرانسپورٹ کے لیے 80 کروڑ روپے کی سبسڈی دی ہے، جبکہ 'اپنی چھت، اپنا گھر' اسکیم، الیکٹرک بائیکس اور 'ستھرا پنجاب' کے تحت صوبے بھر میں یکساں ترقی کا کام جاری ہے۔