اسلام آباد / واشنگٹن:مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ان مذاکرات کے انعقاد اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی عسکری قیادت، خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کی زبردست تعریف کی ہے۔
تکنیکی مذاکرات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ عالمی امن کے لیے ایک بہترین اور تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے ہی ان اہم مذاکرات کا انعقاد ممکن ہو سکا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان مذاکرات کی کامیابی اور راہ ہموار کرنے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر دنیا میں پائیدار امن قائم کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، تکنیکی مذاکرات کے آغاز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک بہترین سپہ سالار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امن کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ عالمی امن کے اس عمل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔
عالمی امن کا مشن ،وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین
06:14 PM, 21 Jun, 2026