لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین گروپ نے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا گروپ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے پر قائم ہے اور گروپ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔پنجاب کابینہ کا اجلاس چونکہ عثمان بزدار کی صدارت میں ہوگا اس لئے کوئی رکن شرکت نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کا بینہ کا اجلاس شام ساڑھے 6 بجے طلب کر رکھا ہے جبکہ پنجاب کابینہ میں ترین گروپ کے 2 وزراءاور 4 ایڈوائزر شامل ہیں۔
دوسری جانب اس سے قبل عون چوہدری نے گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں حکومتی شخصیات سے ملاقات کے بارے میں بریفنگ دی۔
عون چوہدری نے اپنے سربراہ جہانگیر ترین کو بتایا کہ پنجاب میں تبدیلی کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ملاقات کر کے کہا ہے کہ ابھی ترین گروپ اپنے فیصلے روک لے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلی کیلئے مثبت اشارے ملے ہیں اور پنجاب کی اہم شخصیات نے بھی ترین گروپ کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
ترین گروپ کا پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
12:31 PM, 21 Mar, 2022