اقدام قتل کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 6 اپریل تک توسیع

اقدام قتل کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 6 اپریل تک توسیع

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے اقدام قتل کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو عدالت حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے عبوری ضمانت میں 6 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا درخواست گزار یہاں پیش ہونا چاہتے تھے مگر لاہور ہائیکورٹ میں بھی پیش ہونا تھا اس لئے نہیں آ سکے۔ 
سٹیٹ کونسل ذوہیب گوندل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان ابھی تک مقدمہ میں شامل تفتیش ہی نہیں ہوئے، دو نوٹسز جاری کئے مگر وہ ابھی تک پیش نہیں ہوئے جس پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا تفتیشی افسر سمجھتے ہیں کہ فزیکل بیان ریکارڈ کرانا ضروری ہے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ تفتیشی افسر میرے ساتھ چلے میں خود ان کا بیان لاہور میں ریکارڈ کراتا ہوں یا جس دن عمران خان نے یہاں پیش ہونا ہے اسی دن یہاں بیان ریکارڈ کیا جائے۔ 
چیف جسٹس نے کہا کیس کے تفتیشی افسر اور عمران خان کے وکیل دونوں مل کر فیصلہ کریں کہ کیا کرنا ہے۔ عمران خان کے خلاف محسن شاہ نواز رانجھا کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج ہے۔

مصنف کے بارے میں